خشک خوبانی کھانا ہمارے لئے کتنا اور کیوں ضروری ہے؟

خشک خوبانی کھانا ہمارے لئے کتنا اور کیوں ضروری ہے؟

خشک خوبانی کا کھٹا میٹھا ذائقہ کافی لوگوں کو پسند ہوتا ہے۔ یہ ایک نہایت ہی لذیذ اور خوب صورت پھل ہے جسے آپ کسی بھی وقت کھا سکتے ہیں۔ تاہم کھانا لھانے سے کچھ دیر پہلے اس کا استعما ل کرنا کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ قدرت نے اس لذیذ پھل میں آپ کے لئے بہت سے مختلف غذائی اجزاء شامل کئے ہیں جو آپ کو مختلف بیماریوں سے بچانے اور اچھی صحت کو برقرا ر رکھنے میں معاونت کرتے ہیں ۔ آئیے جانتے ہیں کہ خشک خوبانی کھانا ہمارے لئے کیسا ہے:
خشک خوبانی آئرن سے بھر پور ہوتی ہے جو کہ خون کے سرخ خلیئے بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خون کے سرخ خلئیے جسم میں آکسیجن کی مناسب فراہم کو یقینی بناتے ہیں جو کہ تمام جسمانی عوامل درست طر یقہ سے انجام دینے کے لئے بے حد ضروری ہوتی ہے۔ اگر آپ آئرن کی کمی کا شکار ہوجائیں تو پھر خون کی کمی بھی ہوجاتی ہے جو کہ جلد کی زرد رنگت اور ہر وقت کی تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ مزید یہ کہ خواتین میں ہر مہینے حیض کی وجہ سے آئرن کی کمی کا شکار ہو نے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اسی لئے روزانہ دو سے تین عدد خشک خوبانی کھانا آپ کو اس کمی کا شکار ہونے سے بچا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ خشک خوبانی میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو کہ قبض کشا ہوتا ہے۔ یہ معدے کی اچھی صحت کو بھی یقینی بناتا ہے اور ہاضمہ کو بھی بہتر کرتا ہے۔ فائبر بھوک کی اشتہا میں بھی کمی لانے کا مؤجب بنتا ہے۔ یعنی اگر آپ موٹاپے کا شکار ہوں تو اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے فائبر والی غذاؤں سے مدد لیں جن میں سے ایک غذا خشک خوبانی بھی ہو سکتی ہے۔
خشک خوبانی وٹامن اے کے حصول کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے جو کہ بینائی کے لئے اچھا تصور کیا جاتا ہے۔ وٹامن اے ایک طاقت ور اینٹی آکسیڈینٹ کا کام بھی کرتا ہے یعنی یہ آپ کے جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں بھی معاون ہے-
خشک خوبانی میں کیلوں کی نسبت تین گنا زیادہ پوٹاشئیم موجود ہوتا ہے جن کے باعث یہ بلڈ پریشر میں کمی لانے کے لئے معاونت کر سکتی ہیں۔ مزید براں پوٹاشئیم دل کی بیماری ہونے سے بھی بچاتا ہے۔
خشک خوبانی میں وٹامن کے بھی کچھ مقدار پائی جاتی ہے جو خون کے جمنے میں اہم کردارادا کرتا ہے۔ خون کا جمنا زخم ہوجانے کے دوران اہم ہوتا ہے بصورتِ دیگر چوٹ کی وجہ سے خون کے بہاؤ کو روکنا مشکل ہو سکتا ہے۔
خشک خوبانی کے بارے میں ایک مزے دار بات یہ ہے کہ آپ اسے اپنے ساتھ کسی چھوٹی سی ڈبیا میں رکھ کر یا کسی پیکٹ میں بند کر کے کہیں بھی لے جاسکتے ہیں جیسا کہ سکول، کالج، دفتر یا کسی بھی کام کی جگہ پر اور جب چاہیں اپنی بھوک مٹا سکتے ہیں۔ خشک خوبانی کے ڈھیر سارے فائدے جاننے کے بعد آپ یقیناً اسے روز کھانا پسند کریں گے۔