ایپل کمپنی کی تاریخ کے مہنگے ترین آئی فونز میں ایک بڑا مسئلہ سامنے آگیا

ایپل کمپنی کی تاریخ کے مہنگے ترین آئی فونز میں کون سا بڑا مسئلہ سامنے آگیا

ایپل کمپنی کی تاریخ کے مہنگے ترین آئی فونز میں ایک بڑا مسئلہ سامنے آگیا۔یہ مسئلہ آئی فون کی چارجنگ کے حوالے سے ہے۔ایپل کمپنی کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے لحاظ سے آئی فون ایکس ایس( 10ایس) اور آئی فون ایکس ایس میکس (10ایس میکس )جدید ترین اور تاریخ کے مہنگے ترین فونز ہیں۔لیکن ان مہنگے ترین آئی فونز کو خریدنے والے صارفین کو ایک بڑے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کیونکہ ایپل کے ان جدید ترین موبائل فونز کی چارجنگ میں نقص موجود ہے جس کی وجہ سے موبائل فونز نے چارجنگ سے انکار کر دیا ہے۔
ان آئی فونز کو خریدنے والے صارفین نے چارجنگ کے نقص کی شکایت ایپل سپورٹ کمیونیٹیز، میک ریومر، یوٹیوب، ریڈیٹ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کی ہے اور یوٹیوب کے ایک مشہور ترین ٹیک چینل میں یہ بھی دکھایا جا رہا ہے کہ آئی فونز کی چارجنگ کا یہ مسئلہ کس طرح سے پھیل رہا ہے۔اس حوالے سے آئی فون صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے آئی فونز کی سکرین جب تک ایکٹیو نہ کی جائے،موبائل چارج نہیں ہوتے اور اس کے علاوہ چارجنگ کے لئے انہیں موبائل کی لائٹننگ کیبل نکال کر موبائل کو دوبارہ سے چارجنگ کے لئے پلگ لگانا پڑتا ہے۔اسے آپ آسان لفظوں میں یوں سمجھ سکتے ہیں کہ آئی فون ایکس ایس اور آئی فون ایکس ایس میکس اس وقت چارج نہیں ہو سکتے جب وہ وال چارجر پر اسٹینڈ بائی موڈ پر چارجنگ پر لگائے گئے ہوں۔اس دوران بہت سے موبائل فونز تو منجمد ہو جاتے ہیں اور پھر استعمال کے لئے ان کو دوبارہ سے ری سیٹ کروانے کی ضرورت درپیش ہوتی ہے۔
یوٹیوب پر ایک چینل کی ویڈیو میں آٹھ آئی فون ایکس ایس اور آئی فون ایکس ایس میکس کو ایپل کے اسٹینڈرڈ چارجر سے لگایا گیا اور ان آٹھ میں سے صرف دو آئی فونز ہی درست طریقے سے چارج ہو سکے۔اور باقی پانچ آئی فونز تو اس وقت تک چارج نہیں ہو سکے جب تک انکی اسکرین کو دوبارہ سے ایکٹیو نہ کیا گیا جبکہ ایک آئی فون بالکل بھی چارج نہیں ہوا اور کئی منٹ تک منجمد رہا۔ایپل جو کہ ایک مشہور کمپنی ہے اور وہ لاکھوں کی تعداد میں آئی فونز فروخت کر رہی ہے تو اس حساب سے بہت سے صارفین کو یہ مسئلہ درپیش ہو گا، اور اب تک سینکڑوں کی تعداد میں شکایات بھی موصول ہو چکی ہیں۔
اس مسئلے کا فی الحال کوئی خاص حل نہیں مل سکا مگر یہ پتہ چلتا ہے کہ آئی فون کی لائٹننگ پورٹ ہارڈوئیر میں کوئی نقص ہے جس کی وجہ سے موبائل چارج نہیں ہو پاتا۔اس مسئلے کا ایک حل یہ ہے کہ ایک متبادل وائر لیس چارجر استعمال کیا جائے۔ مگر یہ حل بھی کچھ خاص نہیں کیونکہ وائرلیس چارجنگ کے لئے بھی خاصا وقت درکار ہوتا ہے جبکہ موبائل کی بیٹری لائف بھی کم ہے۔ایپل سپورٹ کمیونیٹیز کے مطابق ایپل ٹیک سپورٹ آئی فونز کی چارجنگ کے اس مسئلے سے آگاہ ہیں مگر فی الحال کمپنی کی طرف سے کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا۔