ایس ای او کیا ہے اوریہ کس طرح آن لائن کمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے؟

ایس ای او کیا ہے اوریہ کس طرح آن لائن کمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے؟

آج کے اس جدید دور کو اگر انٹرنیٹ دور کا کہا جاۓ تو یہ کچھ غلط نہ ہو گا اور انٹرنیٹ کی دنیا میں جو نام سب سے زیادہ سنائی دیتا ہے وہ گوگل ہے۔ معلومات کے ناقابلِ اختتام ذخائر میں سے اپنی پسند کی معلومات اخذ کرنا کبھی اتنا آسان بھی ہو گا ایسا شاید گوگل کے وجود سے پہلے کسی نے تصور نہیں کیا ہو گا۔ صرف ایک لفظ اور اُس سے جڑے ہزاروں نتائج ، کالم، تصاویر، آواز اور فلم کی صورت میں آپ تک پہنچ جاتے ہیں۔ یہ ساری معلومات گوگل تک پہنچانے والے انسان ہی ہیں لیکن کس سوال کا کیا اور کیسے جواب دینا ہے، یہ گوگل طے کرتا ہے۔ معلومات کی اس تیز ترین رسائی کو عمل میں لانے کے لیے جو طریقہ استعمال کیا جاتا ہے اسے سرچ انجن اوپٹیمائزیشن( ایس ای او) کا نام دیا گیا ہے۔
اگرآپ اپنی بنائی گئی کسی ویب سائٹ، یوٹیوب ویڈیو یا آرٹیکل کو انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں تو اپ کے پاس تین طریقے ہیں، پہلااپنی مدد آپ کے تحت آپ اپنے تمام دوستوں کو سوشل پلیٹ فارم مثلاً” فیس بک، واٹس ایپ کے ذریعے اپنی ویب سائٹ دیکھنے کا کہیں گے۔
دوسرا آپ اس مقصد کے لیے مختلف قسم کے انٹرنیٹ اشتہارات کا سہارا لیں گے جو کہ آپ کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے برعکس اس مقصد کے لیے ایک اور طریقہ بھی اپنایا جا سکتا ہے یعنی کہ ایس ای او جو اس مسئلے کا سب سے بہترین اور مؤ ثر حل ہے۔
جب بھی آپ گوگل پر کچھ تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو گوگل کو اس کے بارے میں بتانا پڑتا ہے۔ اس مقصد کے لیے آپ جن الفاظ کا استعمال کرتے ہیں انہیں کی ورڈز کہا جاتا ہے۔ یہی کی ورڈز گوگل کو اس بات کا فیصلہ کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں کہ کون سی معلومات سب سے اوپر دکھانی ہے۔ اگر آپ ایس ای او کو سمجھتے ہوئے کچھ اچھے کی ورڈز کا انتخاب کریں تو زیادہ سے زیادہ لوگ آپ کے مہیا کیے گئے مواد کو دیکھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کی ویب سائٹ نئے طرز کے کپڑوں کے بارے میں ہے توآپ کی ویب سائٹ کا نام کچھ ایسا ہونا چاہیے کہ جب کوئی اس قسم کے مواد کے حصول کے لیے گوگل کا استعمال کرے تو انہی خاص قسم کے کی ورڈز کا انتخاب کرے جو آپ کی ویب سائٹ کے نام میں استعمال ہوۓ ہیں کیونکہ 80 سے 90 فیصد لوگ گوگل کے دکھاۓ گئے سب سے پہلے نتائج میں سے ہی اپنا جواب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایس ای او کے بارے میں مکمل اور بہتر معلومات حاصل کر کے آپ اپنا خود کا آن لائن بزنس شروع کر سکتے ہیں اور گھر بیٹھے بیٹھے بھی خوب پیسہ کما سکتے ہیں۔