سمت بتانے والے اشارے کیوں اہم ہیں ؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے؟

سمت بتانے والے اشارے کیوں اہم ہیں ؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے؟

کبھی آپ نے سوچا ہے کہ سمت بتانے والے اشارے اگر نہ ہوں تو راستہ دریافت کرنا کتنا مشکل ہو سکتا ہے؟ ہمیں اکثر سمت بتاتے ہوئے اشارے بڑے بڑے بل بورڈز پر لگے دکھائی دیتے ہیں۔ ان پر اکثر دائیں، بائیں اور سیدھے رخ جانے والی سڑک ، یا ان سمتوں میں موجود کالونیوں یا مشہور جگہوں کے نام لکھے ہوتے ہیں جس سے عوام کو باآسانی علم ہو جاتا ہے کہ اس کی متعلقہ جگہ کس سمت میں ہے۔
اس کے برعکس آپ درست سمت میں جانے کے لئے گوگل میپ کا استعمال بھی کرسکتے ہیں یا پھر کسی دوست سے بھی متعلقہ راستہ کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں مگر ایسا بھی عین ممکن ہے کہ گوگل میپ سے مدد لینے کے وقت آپ کے موبائل کی بیٹری جواب دے جائے یا آپ کا انٹرنیٹ پیکج ختم ہو جائے۔ جب کہ یہ بھی ممکن ہے کہ دوست سے پوچھا گیا راستہ آپ کے ذہن میں نہ رہے۔ ایسی صورت میں سمتی اشارے ہیں جو متعلقہ جگہ پر بروقت پہنچنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔
ذرا سوچئے اگر آپ کسی دوسرے شہر چھٹیا ں گزارنے جائیں اور آپ وہاں کے مشہور ہوٹل میں ٹھہرنے کے خواہاں ہو ں لیکن صحیح راستہ نہ جانتے ہوں ایسے میں جب آپ کو سمتی اشارے نظر آجاتے ہیں تو آپ کی مشکل قدرے آسان ہو جاتی ہے اور آپ کا وقت بھی بچ جاتا ہے جو بصورتِ دیگر آپ غلط راہوں پر جا کر ضائع کر سکتے تھے۔
سمت بتانے والے بورڈز یا اشارے جب کسی شاپنگ مال میں لگے ہوئے ہوں تو آپ کے لئے خریداری کی متعلقہ جگہ پر جانا آسان ہو جاتا ہے۔ فرض کریں آپ پہلی بار کسی شاپنگ مال میں جائیں جس میں چھ منزلیں ہوں اور آپ وہاں سے کپڑوں کی خریداری کرنا چاہتے ہوں۔ ایسی صورت میں اگر آپ کو صحیح راستہ کا نہیں پتہ تو آپ چھ منزلوں پر گھوم کر اپنا بہت سا قیمتی وقت اور توانائی ضائع کر سکتے ہیں- بعض اوقات ارد گرد موجود لوگ بھی متعلقہ جگہ بتانے میں مدد کردیتے ہیں لیکن کئی بار وہ غلط راہ کا بھی بتا دیتے ہیں ۔ اس صورت حال میں بھی سمت بتانے والے اشارے کسی رحمت سے کم نہیں۔ اکثر ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کی موجودگی کی وجہ سے تمام ڈیپارٹمنٹس کے نام اور درست سمت بتانے کے لئے بھی واضح بورڈز لگائے جاتے ہیں جیسا کہ گروسری، کاسمیٹکس، فروزن فوڈ، کراکری، کھلونے وغیرہ مختلف مختلف سمتوں میں ہوتے ہیں۔ بورڈ پر سے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کی درست سمت کے بارے میں جان کر خریدار کے لئے خریداری کرنا قدرے آسان ہو جاتا ہے اور اس سے اس وقت کی بچت بھی ہوتی ہے۔درست جگہ بتانے کے لئے متعدد مقامات پر لگے ان سمتی اشاروں اور بورڈز کی اہمیت سے انکا ر نہیں کیا جاسکتا – یہ ہر راہ گزر اور مسافر کے سفر میں آسانی پیدا کرتے ہیں۔ در اصل یہ سمتی اشارے اور بورڈز ہر لحاظ سے عوام کے لئے ایک بہت بڑی سہولت اور راحت کا سبب ہیں۔