ان بیجوں کے بے تحاشہ فوائد جان کر آپ انہیں دوبارہ کبھی بھی نہیں پھینکیں گے

ان بیجوں کے بے تحاشہ فوائد جان کر آپ انہیں دوبارہ کبھی بھی نہیں پھینکیں گے

اللہ تعالیٰ نے کوئی چیز بے مقصد پیدا نہیں کی ہے۔ ہر شے کا کوئی نہ کوئی مقصد ضرور ہے جو بعض اوقات تو سمجھ آجا تا ہے لیکن بعض مقامات پر انسانی عقل جواب دے جاتی ہے۔ کدو کے بیج بھی خدائی تخلیق کا ایک شاہ کار ہیں جنہیں ہم بے فائدہ سمجھ کر اکثر کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں۔ ذیل میں دئیے گئے فوائد جاننے کے بعد آپ اس نعمت کی دوبارہ ناقدری نہیں کریں گے۔ کدو کے بیج زنک، میگنیشئم اور چکنائی سے بھر پور ہوتے ہیں اور ان ایک محدود مقدار آپ کو بے بہا صحت بخش فوائد سے مالامال کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان میں بہت سے مختلف غذائی اجزاء جیسا کہ فائبر، وٹامن کے، پوٹاشئیم، فولیٹ، آئرن، فاسفورس، مینگنیز، پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔
کدو کے بیجوں میں بہت سے اینٹی آکسیڈینٹس بھی پائے جاتے ہیں جیسا کہ کیروٹینوئیڈ اور وٹامن ای وغیرہ۔ یہ اندرونی اور بیرونی سوزش سے بچاؤ میں مددگا ر ہیں ۔ مزید براں یہ جسم سے خلیئوں کےلئے نقصان دہ فری ریڈیکلز کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کدو کے بیجوں سے بھر پور غذائیں مختلف قسم کے کینسر سے بچنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں جیسا کہ معدہ، پھیپھڑوں، بڑی آنت اور پروسٹیٹ کینسر۔ علاوہ ازیں حیض بند ہوجانے کے بعد خواتین میں چھاتی کے کینسر ہونے سے بھی بچاتے ہیں۔ کدو کے بیج ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی معاون ہیں کیوں کہ یہ خون میں شوگر کی مقدار کو کم کرنے کا سبب بھی بنتے ہیں۔ فائبر کی ایک اچھی مقدار ہونے کے سبب کدو کے بیج وزن کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فائبر قبض کشا بھی ہے اور معدہ کی اچھی حالت کا ذمہ دار بھی ہو سکتا ہے۔
وہ افراد جنہیں بہت زیادہ بھوک لگتی ہو اور ہو وہ اس کیفیت پر قابو پانا چاہتے ہوں انہیں چاہیئے کہ کدو کے بیجوں سے اپنی بھو ک مٹائیں۔ روزانہ ایک چائے کا چمچ کے برابر کدو کے بیج کھانا صحت بخش ہے۔ کدو کے بیج خاص طور پر مردوں میں تولیدی نظام کی بہتری اور کمزوری کو دور کرنے کے لئے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایسے لوگ جو بے خوابی کا شکار ہوں اور نیند نہ آنے کی شکایت کرتے ہوں، انہیں چاہیئے کہ کدو کے بیج کھانا شروع کریں۔ در اصل کدوکے بیجوں میں ٹریپٹو فین موجود ہوتا ہے جو جسم میں جانے کے بعد سیروٹونن اور پھر میلاٹونن نامی ہارمون میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ میلاٹونن ہارمون کو خواب آور ہارمون بھی کہتے ہیں کیوں کہ یہ نیند لانے کا باعث بنتا ہے۔ کچھ لوگ نیند کی گولیاں بھی اسی لئے کھاتے ہیں تاکہ انہیں سکون کی نیند آسکے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ادویات میں میلاٹونن کو مصنوعی طور پر شامل کیا جاتا ہے۔ لہٰذا ا گر آپ ادویات کے استعمال سے بچنا چاہیں تو اس ضمن میں یہ جادوئی بیج آپ کے لئے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ کدو کے بیج سائز میں بہت چھوٹے ہوتے ہیں تاہم صحت کے حوالے سے یہ بہت اہم اور کام کی چیز ہے۔